’حکومت نے 100 پیاز اور 100 جوتے والا کام کیا‘



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کا پیکج لے کر 100 پیاز اور 100 جوتے والا کام کیا ہے جس میں جوتے زیادہ ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’پاکستان ٹونائٹ‘ میں بات کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف پیکج ملنے کے بعد بجلی کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام دشمن پروگرام ہے سیاسی پارٹیاں سڑکوں پر نہ آئیں تو عوام خود آئے گی۔ چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر اشفاق حسن نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو پاکستان کی قومی سلامتی کیخلاف قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے  دفاعی بجٹ کم کرنے کا کہا ہے۔

اپوزیشن جماعت ن لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آئی ایم ایف ڈیل کو ملک بیچنے کا پروگرام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی پر سمجھوتہ مشرف نہیں کرا سکے تو یہ کیسے کرائیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ کئی اہم سوال ہیں جس کا حکومت جواب دینے میں ناکام ہے اوراب اداروں کی نجکاری ہوگی۔

پروگرام میں شریک وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر نجیب کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت صوبوں کا حصہ نہیں کاٹا جائے گا اور ریونیو کو مل کر بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل کی نجکاری نہیں ہوگی بلکہ اصلاحات سے اسے بحال کیا جائے گا۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں بات کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کے اسٹیل مل کی نجکاری کی سمری کابینہ میں آئی تھی جسے حکومت نے مسترد کر دیا۔


متعلقہ خبریں