وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش



اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔شہراقتدار میں  بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیاہے۔

ہم نیوز کے نمائندگان کے مطابق ساہیوال ، اوکاڑہ ، مظفر گڑھ ، جھنگ ، لیہ ، رائیونڈ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی ہے ۔ مختلف شہروں میں یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔ بارش برسنے سے روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔ مختلف شہروں میں بارش کے باعث  بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ،ہزارہ، پشاور، ژوب،کوئٹہ،قلات ،کوہاٹ اوربنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی دوران راولپنڈی ،لاہور ڈویژن،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چںد مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نورپور تھل اور بھکر میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ  ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی سے  موسم خوشگوار ہے۔ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں  آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہےگاتاہم بارش کے امکانات موجود نہیں ۔


متعلقہ خبریں