آصف زرداری 9 مئی کو نیب راولپنڈی طلب

پارک لین ریفرنس، آصف زرداری پر 6 جولائی کو فرد جرم عائد ہو گی

قومی احتساب بیورو (نیب ) راولپنڈی نے سابق صدر آصف علی  زرداری کو 9 مئی  کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس اور سندھ حکومت  سے غیر قانونی ٹھیکے حاصل کرنے کے کیس  میں تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ سابق صدرپاکستان  کو نیب اولڈ ہیڈکواراٹر میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ہریش اینڈ کمپنی کو غیر قانونی ٹھیکے دیے۔ نیب نے متعلقہ کیس میں احتساب عدالت میں ریفرنس بھی دائر کر رکھا ہے۔ ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدلمجید غنی اور مناہل غنی بھی ملزم نامزد ہیں۔

یاد رہے نیب نے آصف زرداری کو پہلے 11 مئی کو طلب کیا  تھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق  رمضان شریف  کی وجہ سے دن اور وقت تبدیل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

یاد رہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو  نے 20مارچ کو نیب کو  بیان رکارڈ کرایا تھا۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے نیب آفس میں لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے پارک لین کمپنی سمیت 2کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ جس کمپنی سے متعلق سوالات ہیں وہ 28سال قبل بنائی گئی تھی ۔ کچھ باتیں یاد نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو سے بھی پارک لین کمپنی سے متعلق سوالات پوچھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ کمپنی قائم ہوئی وہ بہت چھوٹے تھے۔ بلاول نے کہا وہ  سوالات کے جوابات تحریری طور پر دینگے۔

یہ بھی پڑھیے:مبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس ،آصف زرداری نے نیب کو جواب جمع کرادیا

سابق چیرمین سی ڈی اے کامران لاشاری کے خلاف ریفرنس دائر

دوسری طرف  سابق چئیرمین سی ڈی اے کامران لاشاری اور ڈی جی پلاننگ سرور سندھوبھی قومی احتساب بیورو(نیب) کے ریڈار پر ہیں ۔ نیب نے ڈپلومیٹک اینکلیو میں 2 ایکڑ اراضی غیر قانونی الاٹ کرنے پر ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

ریفرنس  اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

سابق چئیرمین سی ڈی اے کامران لاشاری ، ایکٹنگ چئیرمین کامران قریشی ، ڈی جی پلاننگ سرور سندھو اور بریگیڈئیر ریٹائرڈ نصرت اللہ سمیت 11 ملزمان ریفرنس میں نامزد کیے گئے ہیں۔

احتساب عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیاہے کہ ملزمان نے ملی بھگت سے ڈپلومیٹک اینکلیو میں شٹل سروس کیلئے 2 ایکڑ اراضی الاٹ کی۔ ملزمان نے قومی خزانے کو کڑوروں روپے کا نقصان پہنچایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیرریفرنس کی  سکروٹنی کے بعد ملزمان کی طلبی کے سمن جاری کریں گے ۔


متعلقہ خبریں