مریم نواز کو سیاسی میدان میں آنے میں وقت لگے گا، عظمیٰ بخاری



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ابھی سیاسی میدان میں آنے میں وقت لگے گا لیکن وہ ابھی ایک ٹویٹ کرتی ہیں تو حکومت ہل جاتی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ نیوزلائن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور فردوس عاشق اعوان ن لیگ کے غم میں ہلکان نہ ہوں۔ حکومت تاحال کنٹینر موڈ سے نہیں نکلی اور نہ کوئی بات سننے کو تیار ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہر حکومت نے آئی ایم ایف کا پیکج لیا لیکن انہوں نے کہا تھا کہ مرجائیں گے قرضہ نہیں لیں گے۔ سب آئی ایم ایف کے پاس گئے لیکن انہیں حکومت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ 200 لوگوں کی ٹیم بنالی ہے لیکن آج یہ باہر کے لوگ لا رہے ہیں۔ اب حکومت کو چھپنے کی اجازت نہیں ملے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈاکٹر رضا باقر ضرور قابل ہوں گے لیکن ان کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔ پیکج لینے مطلب یہ نہیں ہے کہ آئی ایم ایف کی ساری باتیں مان لی جائیں۔ آئی ایم ایف تو مطالبات کرتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں آپ قوم کے مفادات ایک طرف رکھ دیں۔

حکومت کے نمائندے علی نوازخان نے یقین دلایا ہم رمضان میں مہنگائی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بہت جلد عوام کو اشیا کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔

مریم نواز کے معاملے پر علی نواز خان نے کہا کہ جہانگیرترین کا پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں لیکن مریم سزا یافتہ ہونے کے باوجود پارٹی عہدہ رکھتی ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بہرامند تنگی نے کہا کہ 2008 سے 2013 تک آٹے کی قیمت میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا رمضان کی آمد سے ایک روز قبل پی ٹی آئی کے دور میں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو پی ٹی آئی کی کسی بات پر یقین نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے جسے چور ڈاکو کا سرٹیفکیٹ دیا وہ اخلاقیات کی بات نہیں کر سکتے۔

بہرامند تنگی نے کہا کہ عمران خان ہائبرڈ وزیراعظم ہیں اور پارٹی کے کارکن اس کا دفاع کر رہے ہیں۔ عمران خان سیاسی اور اخلاقی طور پر بھی کرپٹ ہیں۔

پروگرام کی اینکر ڈاکٹر ماریہ ذولفقار نے سوال اٹھایا کہ عوام ایوان نمائندگان کو اپنےمسائل کے حل کیلئے بھیجتے ہیں لیکن ایم این ایز مسائل کے حل کی بجائے بحث و مباحثے اور الزام تراشیوں میں وقت گزار دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ حفیظ شیخ سے پہلے بھی آئی ایم ایف سے آئے ہوئے لوگ پاکستان میں کام کرتے رہے ہیں۔ حفیظ شیخ پیپلزپارٹی کے دور میں بھی وزیرخزانہ رہے ہیں تو پی ٹی آئی کی باری میں اتنی تنقید کیوں کی جارہی ہے؟


متعلقہ خبریں