صوبے میں 309 رمضان بازار لگائے گئے ہیں،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار

سی پیک منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے لگائے گئے 309رمضان بازاروں کی سخت چیکنگ کا حکم دیاہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے موثر اقدامات کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی گئی ہیں۔ آٹا، چینی، گھی، آئل، انڈے، دالیں، سبزیاں مارکیٹ سے سستے داموں ملیں گی۔

رمضان بازاروں میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 290 روپے ،چینی 55 روپے کلو میں دستیاب ہوگی۔  گھی اور آئل پر 15 سے 20 روپے فی کلو کمی کی گئی ہےانڈے 5 روپے فی درجن کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔مرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سحر و افطار کیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جا رہے ہیں۔

سردارعثمان بزدار نے کہاہے کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا وہ خود بھی رمضان بازاروں کے دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لیںگے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ متعلقہ محکمے رمضان بازاروں کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا-

انہوں نے کہا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ محکمہ زراعت، صنعت اور خوراک رمضان المبارک میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سردار عثمان بزدار نے کہا رمضان المبارک کے دوران انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے صوبائی، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔  ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان، سرکاری نرخ نامے غائب

انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیراعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول میکانزم کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔


متعلقہ خبریں