بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ، تین افراد شہید


اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد شہید ہو گئے جس کے بعد پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے سعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تتہ پانی اور کوٹ کٹیرا سیکٹر میں شہری آبادی پر فائرنگ کی۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 45 سالہ نسرین بی بی اور 12 سالہ محمد زاہد شہید ہو گئے جبکہ سونیا بی بی نامی خاتون شدید زخمی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر پھر بھارتی گولہ باری، خاتون شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تاہم  ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بھارت رواں برس ایک ہزار دو سو چالیس مرتبہ سے زائد مرتبہ  لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر چکا ہے اوربھارتی جارحیت سے  دس پاکستانی شہید اور 74 زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے پلوامہ حملوں کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اس کے باجود پاکستان کئی مرتبہ امن کا پیغام دے چکا ہے لیکن بھارت اس کا مثبت جواب دینے کے بجائے آئے دن لائن آف کنٹرول پر معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بناتا ہے۔


متعلقہ خبریں