شائقین کی تنقید، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی جرسی کا رنگ تبدیل

شائقین کی تنقید، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی جرسی کا رنگ تبدیل

ڈھاکہ: شائقین کی بھرپور تنقید اور دباؤ کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ کے لیے ٹیم کی جرسی کا رنگ تبدیل کر دیا۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن نے پیر کے روز نئے رنگ کی جرسی ٹیم کے کپتان مشرف مرتضیٰ کو پیش کر کے اس تبدیلی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ ڈائرکٹرز کے ساتھ بیٹھ کر ڈیزائن کا جائزہ لیا گیا تو کسی نے سرخ رنگ کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی جس کے بعد اسے جرسی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سبز رنگ کی جرسی کے انتخاب نے سوشل میڈیا پر ایک تند و تیز بحث کو جنم دیا۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے بعض شائقین نے اسے پاکستانی جرسی سے مماثل قرار دیا۔

اس تنقید کے جواب میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ کرکٹ ٹیم کی کٹ پر واضح طور پر ’بنگلہ دیش‘ لکھا ہوا ہے، اسے کس طرح پاکستانی کٹ کے ساتھ الجھایا جا سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ کٹ پر ٹائیگر کی تصویر اور قاومی ٹیم کا لوگو موجود ہے۔ اگر اس کے باوجود بھی کوئی اسے پاکستانی کٹ کہتا ہے تو اسے بنگلہ دیش سے نکل کر پاکستان چلے جانا چاہیئے۔

تاہم کئی بنگلہ دیشی شائقین نے سبز رنگ کی جرسی پر تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ فن اور کھیل کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔


متعلقہ خبریں