پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے سے زائد اضافے کا امکان


اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا امکان ہے جس کے لیے سمری اوگرا نے وفاقی حکومت کو ارسال کردی ہے۔

سمری کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 37 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے چھیالیس جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 6 روپے 40 پیسے فی لیٹ مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اوگرا نے سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی تاہم وزیراعظم عمران اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل کریں گے۔

خیال رہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف گیس، پیٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہے۔

گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ پیٹرول کی قیمت 98 روپے 89 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 117 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، ملک میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ 2019 میں مہنگائی کی شرح 9.4 فیصد تک پہنچ گئی، مہنگائی کی شرح میں فروری کی نسبت مارچ میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں