افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا : فارمولا طے پا گیا


اسلام آباد: افغانستان سے امریکی و غیرملکی افواج کے انخلا کا فارمولا بڑی طاقتوں کے درمیان طے پا گیا ہے۔ اس سے عالمی سیاسی مبصرین کو امید بندھی ہے کہ اب افغانستان میں گزشتہ 17 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

جرمن خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج نکالنے کی خواہش مند ٹرمپ انتظامیہ کو اب اس ضمن میں روس اور چین کی بھی حمایت و تعاون حاصل ہو گیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق طے پانے والے معاہدے اور پیدا ہونے والے اتفاق رائے کے تحت افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا میں روس اور چین امریکہ کی مدد کریں گے۔

امریکہ کے نمالئندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے دوحا میں ہونے والے افغان طالبان سے مذاکرات میں یہ بات بہرحال منوائی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ افغانستان کی سرزمین داعش سمیت کسی بھی غیر ملکی عسکریت پسند گروپ کے استعمال میں نہیں آئے گی۔

امریکی حلقوں کے مطابق افغان طالبان سے اس بات کی بھی ضمانت لی جارہی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی عسکریت پسند گروپ کو اپنی سرزمین پر متحرک ہونے کا موقع فراہم نہیں کریں گے جو امریکہ یا اس کے کسی بھی اتحادی کے لیے نقصان کا سبب بن سکے۔

جرمن خبررساں ادارے کے مطابق يہ پيش رفت زلمے خلیل زاد کی ماسکو میں روس اور چین کے مندوبین سے ہونے والی ملاقات میں طے پائی ہے۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز نے چند روز قبل عندیہ ظاہر کیا تھا کہ امریکہ، افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مئی کے وسط میں تعطل کا شکار مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل  زلمے خلیل زادہ نے گزشتہ روز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے افغانستان سے متعلق بیان اور ان کے مثبت کردار کی تعریف کی تھی۔

افغان طالبان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ کرنے میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا تسلیم کرچکی ہے۔


متعلقہ خبریں