اسد منیر کی مبینہ خودکشی،نیب کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

برگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی مبینہ خود کشی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے بریگیڈئیر(ر) اسدمنیر کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے اپنی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے سر بمہر لفافے میں رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔اس سے قبل چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیئرمین نیب سے معاملے پر رپورٹ طلب کی تھی۔

یاد رہے اسدمنیر نے 15 مارچ کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ میں مبینہ طور پر خودکشی کی تھی، ان کی طرف سے نیب کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھا گیا ایک خط بھی منظر عام پرآیا تھا جس میں انہوں نے ازخودنوٹس لینے کی استدعا کی تھی۔

اسد منیرکے مبینہ خط میں ان پر نیب کے لگے الزامات کو مستردکیا گیا تھا اور لکھا تھا کہ 2008 میں ایف الیون کا ایک پلاٹ چیئرمین سی ڈی اے نے ری اسٹور کیا، میں 2006 سے 2010 تک ممبر اسٹیٹ رہا، میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اسپیشل انویسٹیگیشن ونگ نیب راولپنڈی رہا۔

یہ بھی پڑھیں برگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی مبینہ خود کشی

انہوں نے لکھا ہے کہ میرے کیس کے انویسٹی گیشن افسران غیر تربیت یافتہ اور نا اہل ہیں، میں اپنی زندگی کی قربانی دے رہا ہوں اس امید کے ساتھ کہ چیف جسٹس اس سسٹم میں بہتری لائیں گے جہاں نیب کے کچھ افسران لوگوں کی عزت اور زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ میں ہتھکڑی میں میڈیا کے سامنے ذلیل نہ ہوں اس لیے خود کشی کر رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں بریگیڈئر ریٹائرڈ اسد منیر کی خودکشی پر سپریم کورٹ کا نوٹس

اس خط کے بعد چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اس معاملے کی خود انکوائری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیب راولپنڈی سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا تھا۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سابق ڈی جی نیب اور ممبر سی ڈی اے اسد منیر کی مبینہ خودکشی پر پہلا از خود نوٹس لیا تھا۔


متعلقہ خبریں