پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوجاتے ہیں، نعیم الحق


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے رہنما اندرونی اختلافات کے باعث سر جوڑ کر بیٹھے گئے۔

گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد نعیم الحق نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے جہانگیر ترین کو پارٹی کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مدعو کیا گیا تھا اور ان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تاہم مصروفیت کی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مسلم لیگ ق سے بھی اچھے تعلقات ہیں، جس طرح پرویز الہیٰ صاحب اسمبلی چلا رہے ہیں اس کی تعریف خود وزیراعظم عمران خان نے بھی کی۔

نعیم الحق نے کہا کہ پارٹی عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترجمان کی حیثیت سے وزیراعظم کے ساتھ دن رات ساتھ ہوتا ہوں، گورنرپنجاب  کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں اور نہ ہی صدارتی نظام کی طرف جارہے ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات کی تیاری کررہے ہیں اور ترقیاتی کاموں پر ہماری خصوصی توجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں پارٹی میں اختلافات نہیں ہیں، متحد و متفق ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت 50 لاکھ مکان بنارہی ہے اور غریبوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ نظام میں ایسے قوانین موجود ہیں جو ترقی کی راہ میں حائل ہیں لہٰذا سات نئے قوانین لے کر آرہے ہیں جن کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ ہم اس نظام کو بدل کر ایسا نظام لانا چاہتے جس کی عوام کی فلاح و بہبود ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے مابین جو کچھ بھی ہوا اس کو میڈیا نے ہوا دی میڈیا نے بات کا بتنگر بنایا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ گورنر ہاؤس میں حکومتی بڑوں کی غیر رسمی مشاورت ہوئی جس کے دوران صدر مملکت عارف علوی سے اہم حکومتی رہنماؤں نے ملاقات کی

ملاقات میں وزریراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ،گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق اور صوبائی وزیر میاں محمود الرشید بھی شریک تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں حکومتی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تحریک انصاف پارٹی میں اختلافات اور تحفظات کو ختم کرنے کے لیے متحرک ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی دعوت کا مقصد پارٹی میں موجود اختلافات اور انتشار کو دور کرنا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین بھی متحرک نظر آ رہے ہیں

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 11 اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین سے ملنے والوں میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، منیر خان اورکزئی، فیض کموکا، راجہ ریاض، غوث بخش مہر شامل ہیں جب کہ اسلم بھوتانی، ابراھیم خان، عبد الغفار وٹو، رضا نصراللہ گھمن اور جاوید وڑائچ نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے۔

جہانگیر ترین سے ہونے والی پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں ملک کی سیاست سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ جہانگیر ترین نے اراکین اسمبلی کو اُن کے حلقوں سے متعلق مسائل وزیر اعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔


متعلقہ خبریں