لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری طرح متحد و متفق ہیں اور پنجاب کے عوام کی خدمت ایک ٹیم کی طرح یکجا ہو کر کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات لاہور کے چڑیا گھر میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے دوران وہاں موجود ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین، وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور، صوبائی وزرا سردار سبطین خان، صمصام بخاری اور متعلقہ محکمے کے اعلیٰ افسران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر سبطین خان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے تحفے میں موصول ہونے والے شیر اور چیتوں کی لاہور چڑیا گھر منتقلی کے موقع پر تقریب کا اہتمام وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر صمصام بُخاری،سینئر رہنما جہانگیر ترین، اور دیگر رہنماؤں کی شرکت ۔ #PTI #EarthDay pic.twitter.com/MpCKw0Hmpk
— Tehreek-e-Insaf (@InsafPK) April 22, 2019
تقریب کا اہتمام صوبائی وزیر سردار سبطین خان کی ہدایت پرکیا گیا تھا۔ اس کا مقصد لاہور کے چڑیا گھر کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملنے والے شیروں اور چیتوں کے تحفے کی حوالگی تھی۔
100 ملین روپے کی مالیت کے شیراورچیتے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے لاہورکے چڑیا گھر کو تحفتاً دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس موقع پر ان پنجروں کا بھی معائنہ کیا جن میں تحفتاً ملنے والے شیر اور چیتے رہیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب نے قیمتی تحائف پر وزیراعظم متحدہ عرب امارات اور دبئی کے فرماں روا کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔