اعجاز شاہ کو بینظیر نے اپنی زندگی کیلئے خطرہ قرار دیا تھا، مرتضیٰ وہاب


کراچی: مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعجاز شاہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان دینے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں ان کو زندگی کیلئے خطرہ قرار دیا تھا۔

کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ اعجاز شاہ کے حالیہ بیانات ملکی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گھوم پھر کر مشرف دور کے چہروں کو لایا جارہا ہے، فواد چوہدری کی زہر اگلتی زبان اب کس طرف انگارے برسائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کپتان صاحب ملکی سلامتی کی فکر کریں ، یہ وکٹیں پہلے ہی آؤٹ تھیں، تحریک انصاف کے پاس سیاسی شعور کا فقدان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی سوجھ بوجھ کیلئے پختہ سیاسی وژن کی ضرورت ہوتی ہے جو اتفاق سے تحریک انصاف کے پاس نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنا دیا گیا

دوسری جانب پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کو وزیر داخلہ بنائے جانے کی خبروں پر ردعمل میں کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے ای میل میں جس اعجاز شاہ پر اپنے قتل کا شک کیا، اسے وزیر بنادیا گیا۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ اعجاز شاہ نے پرویزمشرف کیلئے سیاسی انجینئرنگ کی، مشرف نے ان کو آسٹریلیا کا ہائی کمشنر بنانا چاہا، آسٹریلیا نے مسترد کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر راج کے متنازع کردار کو وزیرداخلہ بنانا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے، مشرف کے چہیتوں کو نواز کر عمران خان کس احسان کا قرض اتار رہے ہیں؟

کابینہ میں ردوبدل

اس سے قبل  اسد عمر کے بطور وزیر خزانہ استعفے کے بعد حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنادیا گیا۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا قلمدان تبدیل کردیا گیا ہے اور انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر بنادیا گیا۔

اسی طرح غلام سرور خان کو وفاقی وزیر ایوی ایشن جبکہ اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا۔

شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے سیفران جبکہ ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا کو معاون خصوصی برائے وزارت صحت بنادیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات، ندیم بابر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویزن جبکہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنادیا گیا۔

واضح رہے کہ اسد عمر نے آج 2بج کر 9منٹ پر اعلان کیا کہ وہ وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لینے کا اعلان کیا۔

اسد عمر نے یہ یہ اعلان سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ اسد عمر نے لکھا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت توانائی لے لوں۔


متعلقہ خبریں