مارٹن کوبلر کی فوکسی فروخت، رقم عطیہ


اسلام آباد : سابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی ٹرک آرٹ سے سجی فوکسی گاڑی کو فروخت کرکے ان کی خواہش پر رقم خصوصی افراد کے دو اسکولوں کو عطیہ کردی گئی ہے۔

جرمن سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مارٹن کوبلر کی فوکسی گاڑی کی تصاویر شئیر کیں اور لکھا پورشے اورووکس ویگن ایک ہی کمپنی ہیں اس لیے فوکسی اپنے ہی گروپ میں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروبا ری سماجی ذمہ داری کے تحت ہر سال تین اکتوبر کو اس گاڑی کو دوبارہ آکشن کیا جائے گا اورخیراتی کاموں کے لیے رقم حاصل کی جائے گی۔

اس سے پہلے جرمن سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر آگاہ کیا تھا کہ آپ کو یاد ہے کہ ہمارے سابق سفیر مارٹن نے اپنی فوکسی کی فروخت سے آنے والے پیسے کو ڈونیشن میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

ہمارے چارج ڈی افیئرز جینس نے چیک مشال اسکول بری امام اور الفردوس ویلفئیر اسکول بارہ کہو کے حوالے کر دیئے۔ جرمن سفارتخانے نے ان اسکولوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

یاد رہے سابق سفیر مارٹن کوبلر پاکستان میں انتہائی مقبول شخصیت بن گئے تھے، وہ مختلف پاکستانی کھانوں کی تعریفیں کرتے اور جہاں جہاں جاتے وہاں لوگوں میں گھل مل جاتے تھے۔

پاکستان سے رخصت ہونے کے بعد جرمن سفارتخانے کی ٹیم نے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو جرمن سفارتخانے کے اکاؤنٹ میں تبدیل کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں