مبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس ،آصف زرداری نے نیب کو جواب جمع کرادیا



اسلام آباد: مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنا جواب  نیب راولپنڈی جمع کرادیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا تحریری جواب نیب کو موصول ہو گیاہے ۔ آصف علی زرداری کی طرف سے جواب پارک لین کیس اور لگژری گاڑیوں کے کیس سے متعلق دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے 55 سوالوں کے تحریری جواب دیے ہیں۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے جواب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بھجوا دیے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جواب کی سکروٹنی کے بعد ڈی جی نیب راولپنڈی کو رپورٹ کرے گی۔ ذرائع کے  مطابق بلاول زرداری کا جواب تاحال نیب کو موصول نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے اپنے جواب میں لکھا ہے کہ پارک لین کمپنی کیس پر نیب کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔ نیب قانون کے تحت نجی کمپنی کےمعاملات پراحتساب بیورو کارروائی نہیں کرسکتا۔

انہوں نےاپنے جواب میں بتایا کہ پارتھینون کمپنی کو نیشنل بینک کے ڈیڑھ ارب روپے قرض کا علم نہیں ہے۔ پارک لین کمپنی 1989 میں صدرالدین ہاشوانی سے خریدی۔اقبال میمن، بلاول،رحمت اللہ،محمد یونس،الطاف حسین میرےشراکت دارتھے۔

آصف زرداری نے بتایا کہ کہ وہ پارک لین کمپنی میں صرف 25 فیصد حصص کے مالک تھے۔صدر بننے سے پہلے یکم ستمبر 2008 کو کمپنی ڈائریکٹرشپ سے مستفیٰ ہوا۔ میرا اور بلاول بھٹو کا پارتھینون کمپنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔پارک لین کمپنی میں ایک چھوٹا شراکت دارہوں۔نجی کمپنی سے متعلق نیب کا سوالنامہ اختیارات سے تجاوز ہے۔

یہ بھی پڑھیے:آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

یاد رہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو  نے 20مارچ کو نیب کو  بیان رکارڈ کرایا تھا۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے نیب آفس میں لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے پارک لین کمپنی سمیت 2کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ جس کمپنی سے متعلق سوالات ہیں وہ 28سال قبل بنائی گئی تھی ۔ کچھ باتیں یاد نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو سے بھی پارک لین کمپنی سے متعلق سوالات پوچھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ کمپنی قائم ہوئی وہ بہت چھوٹے تھے۔ بلاول نے کہا وہ  سوالات کے جوابات تحریری طور پر دینگے۔

یہ بھی پڑھیے:جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری، بلاول نے جواب جمع نہیں کرایا

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نےبھی نیب سے وقت مانگا تھا کہ جوسوالات دیے گئے ہیں انکے جوابات تحریری طور پر دینگے۔

۔نیب کی طرف سے کہا گیاتھا کہ تحریری جواب کےلیے زیادہ سے زیادہ 10 روز کا وقت دے سکتے ہیں ، نیب کی طرف سے آصف علی زرداری اوربلاول بھٹوکو تحریری جواب 30 مارچ سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم آصف علی زرداری نے جوابات جمع کرانے کے لیے مزید وقت کی استدعا کی تھی ۔


متعلقہ خبریں