اسلام آباد میں بارش کے بعد پولن کی مقدار انتہائی کم ہو گئی

اسلام آباد میں بارش کے بعد پولن کی مقدار انتہائی کم ہو گئی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد میں گزشتہ دو روز میں ہونے والی بارش کے باعث پولن کی مقدار میں انتہائی کمی آ گئی ۔ دارالحکومت میں پولن کی مقدار 7 ہزار مکعب میٹر سے بھی کم ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولن کی مقدار میں اب بہت کم آ گئی ہے۔  منگل کو شہر میں پولن کی مقدار ساڑھے 6 ہزار مکعب میٹر رہی جب کہ گزشتہ ہفتہ شہر میں پولن کی مقدار 60 ہزار مکعب میٹر سے زائد ہو گئی تھی۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای ایٹ میں ایک ہزار 366 مکعب میٹر، ایف ٹین میں ایک ہزار 153 مکعب میٹر، سیکٹر جی سکس میں ایک ہزار 109 مکعب میٹر جب کہ سب سے زیادہ سیکٹر ایچ ایٹ میں 3 ہزار 133 مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی اسلام آباد میں پولن کی مقدار میں خطرناک حد تک اضافہ ہو جاتا ہے، جیسا گزشتہ ہفتہ شہر میں پولن کی مقدار 60 ہزار معکب میٹر تک جا پہنچی تھی جس کے بعد محکمہ صحت نے پولن سے بچاؤ کی ہدایات جاری کر دی تھی۔ پولن الرجی سے متاثرہ افراد سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پولن کی مقدار میں اضافہ پر شہریوں کو باہر نکلتے وقت روزانہ نیا ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولن کی مقدار میں خطرناک اضافے پر قومی ادارہ صحت کا پیغام جاری

جنگلی شہتوت اور پیلے پھولوں سے بیج نما پاؤڈر اڑنے سے پولن پھیلتا ہے جب کہ دھوپ نکلنے اور ہوا چلنے سے پولن اُڑ کر الرجی کا باعث بنتا ہے۔

پولن الرجی

بہار کے موسم میں پھولوں کے ذرات جنھیں ہم زردانے بھی کہتے ہیں ہوا میں بہت زیادہ مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ یہ زردانے بہت چھوٹے ہوتے ہیں اور انہیں صرف مائیکرواسکوپ کی مدد سے ہی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ زردانے جب حساس لوگوں کے جسم میں داخل ہوتے ہیں تو یہ جسم میں مختلف علامات پیدا کرتے ہیں۔ صبح 5 بجے سے 10 بجے تک بہت زیادہ مقدار میں زمینی سطح پر ہوتا ہے اسی طرح شام 5  بجے سے آدھی رات تک پولن کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔

پولن الرجی کا موسم عموماً فروری کے آخری ہفتے سے شروع ہوکر مئی کے پہلے ہفتے تک رہتا ہے۔


متعلقہ خبریں