آئی ایم ایف پروگرام کے بعد اسدعمر کو بدل دیا جائے گا، عارف نظامی



اسلام آباد: سئینر صحافی عارف نظامی کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات سے وزیراعظم پریشان ہیں، اگر یہ ایسے ہی رہے تو وہ وزیرخزانہ اسدعمر کو آئی ایم ایف جانے کے بعد تبدیل کردیں گے۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے عارف نظامی نے کہا کہ معیشت کے مسئلے پربہت لوگ وزیراعظم پر زور دے رہے ہیں، معاشی ٹیم کی نااہلی اورناتجربہ کاری سے نقصان ہوا ہے۔

عارف نظامی نے کہا کہ نواز شریف اس وقت تک احتجاجی تحریک کے حق میں نہیں ہیں جب تک ان کی صحت ٹھیک نہ ہو اورکیسز ختم نہ ہوجائیں۔ نوازشریف آہستہ آہستہ شہباز شریف کے نقطہ نگاہ کے قائل ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات ایسے ہوئے ہیں کہ نوازشریف کو لگتا ہے ابھی سڑکوں پردرست فیصلہ نہیں ہوگا، اس سے فائدے کے بجائے الٹا نقصان ہوسکتا ہے۔

عارف نظامی نے کہا کہ شیخ رشید اور عمران خان کو اصل تکلیف شہباز شریف سے ہے کہ وہ ہر کسی کو قابل قبول ہیں۔ اگر ایک طرف کیسز نئے بن رہے ہیں تو ان کانام ای سی ایل نکلنے جیسی رعایت بھی مل رہی ہیں۔

اپوزیشن نے احتجاج کا فیصلہ کیا توساتھ ہوں گے، راناثناءاللہ

مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم احتجاج کے لیے تیار نہیں، اپوزیشن جو بھی کرے گی ہم ساتھ ہوں گے، حکومت نے عام آدمی کے لیے زندگی مشکل کردی ہے، جو بھی اپوزیشن کا فیصلہ ہوگا اس پر پارٹی کا اجلاس ہوگا اور پھر قیادت حتمی اعلان کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ حکومت کا خاتمہ کیا جائے، اس حوالے سے ہم نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی تاریخ ہے کہ اس نے ہمیشہ اس کے ساتھ دھوکا کیا ہے جس کے بھی ساتھ رہا ہے۔ شیخ رشید کو اگر سب کچھ این آر او سے متعلق پتہ ہے تو بتائے کہ یہ این آراو کس سے مانگا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ حمزہ شہباز سے متعلق نئے کیسز فراڈ اور ڈرامہ ہیں، یہ وہ رقم ہے جس کی بات حدیبیہ میں ہوچکی ہے، ان کی پہلی تحقیقات بھی ہوچکی ہیں، اب بھی انہیں ناکامی ہوگی کیونکہ اس کا بہت مضبوط دفاع موجود ہے۔

اگر اپوزیشن نے کھل کر کردار ادا کیا توعوام کی تائید حاصل ہوگی، مصطفیٰ کھوکھر

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ کھوکھر نے کہا کہ اس وقت معیشت اور خارجہ پالیسی کے حالات انتہائی خراب ہے، وزیراعظم کے بیان پر افغان سفیر واپس چلا گیا ہے، دو منی بجٹ کی ناکامی کے بعد اب حکومت آئی ایم ایف کے پاس جارہی ہے، اگر اپوزیشن نے کھل کر کردار ادا کیا تو عوام کی تائید حاصل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری احتجاجی تحریک عوامی مشکلات پر ہوگی، کیسز کا سامنا پہلے بھی کیا ہے، اب بھی کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری سے ملاقات ہوگی لیکن احتجاجی تحریک کے فیصلے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

ندیم بابر کو ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی کے لیے کمیٹی میں بھی شامل کرلیا، عادل شاہ زیب

عادل شاہ زیب نے بڑی بات میں چار اپریل کو انکشاف ہوا تھا کہ انرجی ٹاسک فورس کے چیئرمین ندیم بابرکی کمپنی حکومت کی نادہندہ ہے۔ آج وزرات اطلاعات نے ندیم بابر کو ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی کے لیے قائم کی گئی کمیٹی میں شامل کرلیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ حکومت نے سرکاری ادارے میں ایک غیرمنتخب شخص کو کیوں حصہ بنایا ہے۔ ندیم بابر کا گیس کی قیمتوں میں اضافے میں بھی کردار ہے۔

ایران سے متعلق امریکی فیصلے کا اثر پاکستان پر پڑے گا، عادل نجم

ڈاکٹرعادل نجم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا ہرفیصلہ تیل سے جڑا ہوتا ہے لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے کے بعد سے ایران سے الجھ رہے ہیں، وہ اس پربہت زیادہ دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے حوالے سے جب بھی کوئی عالمی فیصلہ ہوگا اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑے گا، سعودی عرب اورامریکہ بھی پاکستان پراس حوالے سے کچھ نہ کچھ دباؤ ڈال سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں