ورلڈ کپ 2019، قومی اسکواڈ میں مزید دو نام شامل ہونے کا امکان



لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے قومی اسکواڈ میں مزید دو نام شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ وہاب ریاض اور عمر اکمل کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سیلیکٹرز کی طرف سے وہاب ریاض اور عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلائے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل 4 اپریل کو پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ 23 کھلاڑیوں میں عمر اکمل اور وہاب ریاض کے نام شامل نہیں تھے۔

عمر اکمل پاکستان کپ میں اب تک سر فہرست بلے باز ہیں جب کہ وہاب ریاض باؤلرز کی فہرست میں اب تک ٹاپ پر ہیں۔ سیلیکٹرز کی طرف سے دونوں کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کے فٹنس ٹیسٹ کے لیے جلد بلانے کا فیصلہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا اعلان

ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی کو ہو رہا ہے جو 14 جولائی 2019 تک جاری رہے گا، یہ ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 23 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جاچکا ہے، جس میں عمر اکمل اور وہاب ریاض کے علاوہ انجری کے باعث محمد حفیظ کا نام بھی شامل نہیں ہے۔

سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے فٹنس ٹیسٹ کے لیے مدعو کیے جانے والے ممکنہ 23 کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان) عابد علی، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخرزمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

ورلڈ کپ 2019 کے اسکواڈ کا باقاعدہ اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا

اسکواڈ کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہفتے کو ہو گی جس میں 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ابتدائی فہرست تیار کی جا چکی ہے۔ حتمی اسکواڈ کے حوالے سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت بھی طلب کی جائے گی۔

کپتان سرفرازاحمد نے اس سلسلے میں گزشتہ روز ٹیم کوچ مکی آرتھر سے ملاقات بھی کی، انگلش کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے محمد حسنین کو موقع دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے جب کہ انجریز اورفٹنس مسائل کے پیش نظر 2 یا 3 اضافی کھلاڑیوں کو بھی انگلینڈ بھجوانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں