کراچی: سپرہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلہ، دو اہلکار زخمی

کراچی: سپرہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلہ، دو اہلکار زخمی

کراچی: سپرہائی وے پر ہونے والے مبینہ مقابلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جنہیں سرکاری اسپتال کے بعد نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سپرہائی وے پر اندھی گولی لگنے سے ایک اور کیماڑی پر دو افراد فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز نے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے حوالے سے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل پہ گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں عابد اور طارق نے موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پرفائرنگ کردی۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موٹرسائیکل چھوڑ کرفرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان جس موٹرسائیکل پہ سوار تھے وہ جمشید کوارٹر کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو ادارے کے مطابق دونوں زخمی پولیس اہلکار تھانہ سائٹ سپرہائی وے پہ تعینات ہیں۔

ایک پولیس اہلکارکی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے واقع کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سہراب گوٹھ کے علاقے میں اندھی گولی لگنے سے سمیع نامی شخص زخمی ہو گیا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں ڈاکٹر اسے طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کچھی پاڑا کیماڑی میں بھی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں