سندھ میں گرمی، پنجاب میں آج بھی بارش کا امکان



اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم ابر آلود رہے گا تاہم سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں پیر کو بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ گرمی کی شدت برقرار رہے گی جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں کا موسم جزوی ابر آلود رہے گا جب کہ کئی مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان)، ژوب، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، سرگودھا، راولپنڈی، قلات ڈویژن اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع سکھر 45 ڈگری سینٹی گریڈ، حیدر آباد 42 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ بلوچستان کے علاقے تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز شام ڈھلتے ہی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، ڈی آئی خان، پشاور، کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور کچھ مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے باعث گندم کی کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں ملک بھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا

اتوار کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے علاقے پڈعیدن 46 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو، مٹھی، شہید بے نظیر آباد 45 ڈگری سینٹی گریڈ، حیدر آباد، سکھر، سکرنڈ، ٹنڈوجام، جیکب آباد 44 ڈگری سینٹی گریڈ، روہڑی، چھور، لاڑکانہ اور سبی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ بھر میں شدید گرمی نے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال کر دیا جب کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھ گیا ہے۔


متعلقہ خبریں