لاہور: اسکول میں استاد کا بچے پر تشدد، مقدمہ درج 


لاہور: ہربنس پورہ کے اسکول میں استاد کے طلب علم پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تشدد کرنے والے استاد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے طلب علم سعد ریاض کو کاشف نامی استاد نے بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس سے وہ زخمی ہوگیا تھا۔ متاثرہ بچے کے بھائی شہباز کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔

ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق کاشف نامی ٹیچر نے طلب علم سعد ریاض کا سر دیوار پر دے مارا تھا۔

متاثرہ بچے کے بھائی نے  ایف آئی آر میں موقف  اختیار کیا کہ سر لگنے سے میرے بھائی کی دائی آنکھ پر زخم اور سوجن ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان،لاہور: اساتذہ کا تشدد، ایک طالبعلم ہلاک، دوسرا زخمی

واضح رہے اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں جبکہ ایک شخص کی جانب سے خاتون استاد پر بھی تشدد کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا تاہم نجی اسکول میں خاتون استاد کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

وزیراعلی پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہبازگل نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ صغیر اسد نامی یہ شخص پرائیویٹ اسکول کا مالک ہے پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرایک شخص نے صغیر اسد کی جانب سے مبینہ طور پرجنسی مقاصد کے لیے خاتون پرتشدد کی ویڈیو شئیرکی اور  وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری اور وزیراعلی پنجاب کے ترجمان کو ٹیگ کیا تھا۔ جس کے بعد اس پر ایکشن لیا گیا۔


متعلقہ خبریں