سمندری آلودگی کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کا بڑا قدم


کراچی: سمندری آلودگی کی روک تھام کے لیے پاکستان بحریہ کے بیڑے میں مقامی طور پر تیار کردہ تین میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز بھی شامل ہوگئی ہیں۔

پاک بحریہ کی دفاعی قوت بڑھانے کے لیے میرین کی شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد کی گئی۔

ان جدید ترین بارجز کی شمولیت سے ہاربر کو صاف کرنے کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جو کہ پہلے روایتی طریقوں سے کی جاتی تھی۔

پہلے مرحلے میں تین میکنائزڈ کنوئیر بیلٹ والی میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پی این ڈاکیارڈ میں بنائی گئی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر نو تعمیر شدہ میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز کی مدد سے ہاربر کی صفائی کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز کی پی این ڈاکیارڈ میں مقامی طور پر ڈیزائن اور تعمیر کا مقصد بندرگاہوں کو آلودگی سے پاک بنانا ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی، اس کے علاوہ میری ٹائم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔

علی حیدر زیدی نے اپنے خطاب میں صاف ساحلوں اور بحری ماحول کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ بحری آلودگی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے ’بلیواکانامی‘ کے فروغ کے لیے چیف آف دی نیول اسٹاف کے ویژن کی تعریف کی اور حکومت کی جانب سے ہرممکن امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ کا یہ اقدام میری ٹائم سیکٹر کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی صاف ساحلوں اور بہتر بحری ماحول کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا جس سے میری ٹائم سیکٹر میں بیش بہا فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں