شرمیلا فاروقی کا شوکت خانم اسپتال کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما شرمیلا فاروقی نے وزیراعظم عمران خان کی والدہ کے نام پر بنائے گئے شوکت خانم اسپتال کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم عمران خان اور حکومتی وزرا نے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک پیغام میں شرمیلا فاروقی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کیسا لگے گا جب کوئی دوسری حکومت شوکت خانم اسپتال کا نام تبدیل کر دے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اخلاقی و قانونی طور پر اس منصوبے پر شکست ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے اتحادیوں نے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے اتحادیوں کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے نام تبدیل کرنے کے یقین دہانی کرائی تھی۔

نام کی تبدیلی کا مطالبہ جی ڈی اے کے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پرکیا گیا۔ مخدوم محسن نے اتحادیوں کا مشترکہ پیغام پہنچایا۔

گھوٹکی میں وزیراعظم عمران خان سے جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی  کی اہم ملاقات ہوئی۔

ایم کیو ایم کے چھ رکنی وفد کی  قیادت خواجہ اظہار الحسن  نے کی جبکہ جی ڈی اے رہنماؤں میں نصرت سحر عباسی، ارباب غلام رحیم ،ذوالفقار مرزا، مرتضیٰ جتوئی سمیت دیگر اراکین شریک تھے۔

 

 


متعلقہ خبریں