پیٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ،سیاسی جماعتوں اور عوام کا شدید ردعمل



اسلام آباد: حکومت کی جانب سے عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرا دیا گیا اور پیٹرول کی قیمت چھ روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی چھ روپے اضافہ کیا گیا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے پر سیاسی جماعتوں اور عوام کا شدید ردعمل سامنے آرہاہے۔

وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں  میں اضافے کی حتمی منظوری دی دی ہے۔ جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

پیٹرول کی نئی قیمت 98 روپے 89 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 117 روپے 43 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 89 روپے 31 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 80 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11 روپے 92 پیسے، ہائی اسپیڈ ‏ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز پیش کی تھی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل میں 6 روپے 50 پیسے اور مٹی کا تیل 6 روپے 65 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی۔

عوام کا ردعمل

ہم نیوز کے رپورٹر طلحہ سعید سے بات ہوئے عوام نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے سے موجودہ تنخواہ سے گزار کرنا مشکل ہوجائے گا۔عوام نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا قیمتوں میں اضافہ ایک بم ہے حکومت کو اس پر غور کرنا چاہیے۔(عوام کی رائے جاننے کیلئے اوپر ویڈیو پر کلک کریں)

واضح رہے گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کو بھجوائی گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نو روپے چوالیس پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت مین آٹھ روپے چھ پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے بارہ پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی ۔

یہ پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی

تاہم حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

پیٹرول کی قیمت میں ڈھائی روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے ہوئی ۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 111.43 روپے فی لیٹر مقرر کرکی گئی ۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا  مٹی کے تیل کی نئی قیمت اب 86.31 روپے ہو گئی

لائٹ ڈیزل بھی 2.50 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیاجس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 77.53 روپے مقرر کی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےپر پیپلزپارٹی کاردعمل

پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان اور سینیٹر مولابخش چانڈیو نے قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام پر آج پیٹرول بم گرا دیا ہے۔

انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کا سونامی آجائے گا۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ  اسد عمر اور دوسری معاشی ٹیم کی نااہلی کا بدلا عوام سے لیا جا رہا ہے۔ گیس، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے پہلے ہی لوگوں کا جینا اجیرن کر رکھا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں سے نوالہ تک چھین لیا ہے۔حکومت قوم کے غیض و غضب کو خود دعوت دے رہی ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ پر آئی حکومت قوم سے ووٹ نہ دینے کا انتقام لے رہی ہے۔ حکومت نے انتخابات سے پہلے جو وعدے کیے تھے ان کا کیا ہوا۔عوام کا خون چوسنا عمران خان کا اصل منشور ہے۔


متعلقہ خبریں