گھوٹکی: نو مسلم لڑکیوں سے شادی، صفدر اور برکت پہلے سے شادی شدہ نکلے


گھوٹکی: ڈہرکی میں نو مسلم لڑکیوں کی پسند کی شادی کے معاملے پر مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ صفدر کوبھر اور برکت ملک پہلے سے شادی شدہ اور سات بچوں کے باپ ہیں۔

ایس ایچ او طفیل بھٹو کے مطابق صفدر کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، بچوں کی عمریں دو سال سے سات سال کے درمیان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صفدر رینا کی فیملی کی مالی سپورٹ کرتا تھا۔برکت ملک بھی شادی شدہ ہے اور اس کی تین معصوم بیٹیاں ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق بچیوں کی عمریں ایک سال سے پانچ سال کے درمیان ہیں۔ برکت روینا کے گھر کی عمارت بنانے کا کام کرتا تھا۔

دوسری جانب خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صفدر اور برکت نے اپنے بیوی بچوں کو دھوکہ دیکر پیار کی شادی کی ہے، لڑکوں کے والدین نے صفدر اور برکت کی پٹائی بھی کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برکت ملک تین معصوم بیٹیوں کا والد ہے اور بیوی حمل سے ہے۔

ہندو لڑکیوں سے شادی کرنے پر برکت اور صفدر کے سسرال والوں کے ساتھ تنازع شروع ہو گیا۔

ذرائع کا مزید کہناتھا کہ معاملات حل ہونے کے بعد باہمی طور پر فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ہندو لڑکیوں کی گمشدگی کا معاملہ، نکاح خواں اور دیگر کو گرفتار کرلیا گیا

خیال رہے کہ چند روز قبل مبینہ طورپراغوا ہونے والی لڑکیوں نے تحفظ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ میڈیا میں ہندو لڑکیوں سے متعلق غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جس کے باعث دونوں بہنوں اور ان کے شوہروں کی جان کو خطرات ہیں۔

عدالت میں دائرد رخواست کے متن میں درج ہے کہ دونوں بہنیں عرصہ دراز سے اسلامی تعلیمات سے متاثر تھیں، ہم نےاسلام زور زبردستی قبول نہیں کیا، جان سے مارنے کے خوف کے باعث ہم نے اسلام قبول کرنے کا اعلان نہیں کیا۔

درخواست میں درج ہے کہ 23 مارچ 2019 کو پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کی تحصیل خان پور میں بار کے سامنے لڑکیوں نے اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعتراف کیا۔


متعلقہ خبریں