آکسفورڈ سے ملنے والا ایوارڈ فیملی کے نام کرتا ہوں، راحت


کراچی: عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان میں بہترین گائک گزرے ہیں، ایوارڈ فیملی کے نام کرتا ہوں۔

کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اعزازی ڈگری ملنے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کا مستقبل بہت روشن دیکھ رہا ہوں، نئے پاکستان میں فنکاروں کو سراہا جا رہا ہے۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ عمر نہیں کام انسان کی پہچان ہوتا ہے، ہم کسی بھی ملک خود سے نہیں جاتے ہمیں بلایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 1200سے زیادہ شاگرد ہیں جو قوالی سیکھ رہے ہیں، یہ فن 600 سال سے موجود ہے۔

معروف گلوکار کے مطابق وہ پہلے پاکستان بعد میں دیگر ممالک کو ترجیح دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر میرے گائے ہوئےگیت ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران راحت فتح علی کے ہمراہ میوزک ڈائریکٹر سلمان احمد بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی رواں سال آٹھ افراد کو اعزازی ڈگری دے گی، جس میں راحت فتح علی خان کا نام بھی شامل ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے راحت کا تعارف صوفیانہ موسیقی قوالی کے پاکستانی گلوکار کے طور پر کیا گیا۔

2010ء میں انہوں نے برطانیہ کے ایشیائی موسیقی اعزازات میں “بہترین بین الاقوامی ایکٹ” کا اعزاز جیتا تھا۔

آج کل ان کے پاکستانی قومی گیت دھرتی دھرتی اور ہم پاکستان زبان زد عام ہیں، اس کے علاوہ ہندوستانی فلموں میں ان کے گیت بھی بہت مقبول ہیں۔


متعلقہ خبریں