بہاولپور:پروفیسر خالد حمید کے قتل کے الزام میں مذہبی جماعت کا اہم رہنما گرفتار


بہاولپور:گورنمنٹ ایس ای کالج میں پروفیسر خالد حمید کے قتل کے الزام میں تحریک لبیک پاکستان کے قومی اسمبلی کےامیدوار کو گرفتارکرلیا گیاہے ۔
پولیس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ گرفتار ملزم سید ظفر گیلانی کا انسداد دہشت گردی عدالت سے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ  بھی حاصل کرلیا گیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسر خالد حمید کے قتل کی تفتیش کے سلسلے میں کہروڑ پکا ، رحیم یار خان ، ڈی جی خان سمیت مختلف شہروں سے 5 افراد بھی زیر حراست  لیے گئے ہینَ
آرگنائزڈکرائم سیل کی جانب سےقتل کے محرکات پر تحقيقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق زیر تفتیش افراد کو سوشل میڈیا لنکس کے ذریعے ٹریس کیا گیا۔ قاتل طالب علم  خطیب حسین کا امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے – 187ظفر گیلانی سے رابطہ تھا۔ گرفتار ملزم ظفر گیلانی کاتعلق ضلع لیہ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بہاولپور: طالب علم نے چھریوں کے وار سے اپنے ہی استاد کو قتل کردیا

خطیب حسین پروفیسر کے قتل سے ایک رات قبل وٹس ایپ کے ذریعے ظفر گیلانی سے رابطے میں تھا۔ خطیب حسین کی آخری کال بھی ظفر گیلانی سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 20مارچ کو بہاولپور کے گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج میں طالب علم نے چھریوں کے پے درپے وار کرکے اپنے ہی استاد پروفیسر خالد حمید کو قتل کردیاتھا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 20مارچ کی صبح اسوقت پیش آیا جب شعبہ انگلش کے پروفیسر خالد حمید اپنے دفتر میں اکیلے بیٹھ کر پیپر چیک کررہے تھے کہ ان کا شاگرد خطیب حسین آیا جس نے بات کرنے کے بہانے ان پر چھریوں کے وار کردیئے۔

اس اچانک حملہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور اسپتال لے جانے سے پہلے ہی جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے:بہاول پورمیں استاد کا قتل، مقتول کے بیٹے کو بھی جان کا خطرہ

پولیس نے ملزم کو جائے واردات سے گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا اور مقتول کی لاش کو بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کردیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد انکی میت انکے لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔


متعلقہ خبریں