ایران: بارش و سیلاب سے 18 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

ایران: بارش و سیلاب سے 18 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

تہران: ایران میں ہونے والی بارشوں نے سیلاب کی صورتحال پیدا کردی ہے۔ بارش اور سیلاب کی طغیانی سے اب تک موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق18 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 70 سے زائد زخمی ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید سیلابی طغیانے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، گاڑیاں پانی میں بہہ گئی ہیں، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں اور سرکاری ادارے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی انفرا اسٹرکچر تباہی سے دوچار ہوچکا ہے اور ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ادارے کے افراد سیلاب اور بارش سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے کشتیوں کا استعمال کررہے ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جب کہ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والوں کی دیکھ بھال پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حالیہ بارش اور سیلاب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں گولستان اور مازنداران شامل ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گولستان اور مازنداران صوبوں کے علاوہ بھی دیگر صوبوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔

مغربی خبررساں ایجنسی کے مطابق 31 میں سے 26 صوبوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی چا چکی ہے جب کہ حکام نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں سیلاب دارالحکومت تہران سمیت آئل کی دولت سے مال مال صوبے کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔

عالمی برادری کی جانب سے درپیش صورتحال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

امریکہ کی جانب سے عائد کردہ معاشی و اقتصادی پابندیوں کے باعث ایرانی معیشت پہلے ہی سخت دباؤ کا سامنا کررہی ہے۔ یقیناً سیلاب و بارش سے پید اہونے والی صورتحال اس کی پریشانیوں میں اضافے کا سبب ہوگی۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی نے سیلاب اور بارش سے لوگوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے اپنی جاری کوششوں کو دگنا کردیں اور ہرقیمت پر لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کویقینی بنائیں۔


متعلقہ خبریں