سندھ حکومت نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا

سندھ حکومت نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا

فوٹو: فائل


کراچی: حکومت سندھ نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا۔ ائرپورٹ کی حدود میں آن لائن ٹیکسی سروس پر لگائی گئی داخلے کی پابندی بھی ہٹا دی گئی۔

مسافروں کو ائر پورٹ لانے اور لے جانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کریم انتظامیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور حکومت سندھ سے بات چیت کی۔

کریم کی سروس کو قوائد کے مطابق چلانے کے لیے کریم کے سی ای او جنید اقبال کی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ سے ملاقات ہوئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ سندھ وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کا فیصلہ 3 ماہ قبل کیا گیا تھا۔ جسے اب حتمی شکل دی جارہی ہے۔ جس کے بعد آن لائن ٹیکسی سروس کو ریگیولیٹ کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں سندھ حکومت کی آن لائن ٹیکسی سروس کو بند کرنے کی دھمکی

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سندھ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جو احکامات دیتی ہے ہم اس پر عمل کرتے ہیں۔ ائر پورٹ کے اطراف سول ایوی ایشن کا لگایا گیا انتباہ کا نوٹس بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل 20 مارچ کو کراچی ائر پورٹ پر آن لائن ٹیکسی سروس کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ویجلنس حکام کو عائد پابندی پر عملدر آمد کرانے کے بھی احکامات جاری کیے گئے تھے۔ پابندی حکومت سندھ کے سیکرٹری آر ٹی اے، ڈی آئی جی ٹریفک کے خطوط پرعائد کی گئی تھی۔

خطوط میں کہا گیا تھا کہ دونوں کمپنیاں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس بھی رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ ائر پورٹ پر دیگر ٹیکسی سروسز کی طرح اتھارٹی کی اجازت اور رجسٹریشن ضروری ہے۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے پہلے بھی آن لائن ٹیکسی سروس کو بند کرنے کی دھمکی دی گئی تھی تاہم اس وقت اس پر اطلاق نہیں کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں