ملک بھر میں موسم خشک، لاہور اور بالائی علاقوں میں بارش

بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

فائل فوٹو



اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ  بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم بدھ کی صبح مطلع صاف رہا اور خنکی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں آج کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور تیز ہوا چلنے سے خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی لاہور میں بارش برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر سمیت بالائی سندھ میں موسم خشک اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ روز سکھر میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں بدھ کے روز موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت  ہوا کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹے رہی۔ کراچی کا زیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 31 سے30 ڈگری سینٹی گریڈتک رہنےکا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوئی۔ چنیوٹ میں بارش کے سبب مختلف حادثات سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ مالم جبہ میں درخت اور پتھر گرنے سے راستہ مکمل بند ہوگیا۔ فیصل آباد میں ژالہ باری سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔


متعلقہ خبریں