کابل: افغان صوبے قندوز میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 35 افغان طالبان کو ہلاک کر دیا۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان اسپیشل فورسز کا آپریشن قندوز کے ضلع چاہار دارہا میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی تباہ کیا گیا۔
اس دوران 38 آئی ای ڈیز اور 40 پاؤنڈ دھماکہ خیز مواد تباہ کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران فضائی مدد بھی حاصل کی گئی۔
فضائی کارروائی میں 8 طالبان جب کہ زمینی آپریشن میں 27 طالبان ہلاک ہوئے۔
اس سے قبل 9 مارچ کو بھی افغان طالبان کے خلاف کابل اور قندوز میں کارروائیاں کی گئیں جس میں 30 مبینہ طالبان کو ہلاک جب کہ 7 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ آپریشن کے دوران طالبان کے ٹھکانوں اور بارودی مواد کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
افغان سیکیورٹی حکام کے مطابق اس آپریشن میں سیکیورٹی اداروں کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں افغان سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 30طالبان ہلاک
گزشتہ ماہ 17 فروری کو ہونے والے آپریشن میں 32 مبینہ طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جس میں اہم طالبان کمانڈر ملا حمد اللہ بھی شامل تھے۔
افغان صوبہ اروزگان کے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ فضائی حملہ مرکزی شہر ترین کوٹ میں کیا گیا تھا جس میں 22 طالبان جب کہ جنوبی افغانستان کے صوبہ سرے پل کے ضلع سیاد میں بھی فضائی کارروائی کے دوران 10 طالبان ہلاک ہوئے تھے۔
یکم مارچ کو افغانستان کے صوبہ ہلمند میں طالبان کی جانب سے فوجی بیس پر بڑا حملہ کیا گیا تھا جس میں 48 افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے جب کہ حکومت نے جوابی کارروائی کے دوران متعدد حملہ آور مارے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔
افغان سیکیورٹی حکام کی جانب سے یہ فضائی کارروائیاں ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب افغان طالبان اورامریکی حکام کے درمیان مذاکرات سلسلہ جاری ہے اور ان مذاکرات میں مثبت پیش رفت کا بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے۔