بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں پر موجود ہے جس سے پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

منگل کے روز مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ  بارش ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں منگل کی صبح گہرے بادل چھائے رہے اور ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں بارش متوقع ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے اکثر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشہ روز بھی کوئٹہ میں ایک ملی میٹر تک بارش ہوئی تھی۔

خیبر پختونخوا سمیت ملک کے شمالی علاقہ جات میں آج مطلع آبر آلود رہے گا اور چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔

لاہور میں صبح کے وقت سورج نکلا ہوا تھا جس کے سبب سردی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور کا درجہ حرارت کم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا اندیشہ ہے۔

پنجاب کے چند اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور سرگودھا میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ میانوالی، بھکر، گوجرانوالہ، گجرات اور حافظ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

سندھ بھر میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا اور آئندہ چند روز تک بارش متوقع نہیں۔

گزشت 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم کوئٹہ، قلات، سکھر ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔


متعلقہ خبریں