کراچی: بیٹی داماد کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والا باپ گرفتار


کراچی: حب ڈیم کے قریب سے گلا کٹی اور تشدد زدہ نعشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس نے غیرت کے نام پر بیٹی اور داماد کو قتل کرنے والے ملزم باپ کو گرفتار کرکے آلہ قتل، خون آلود کپڑے اورپستول برآمد کرلیا۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ 19 فروری کو تھانہ سرجانی ٹاؤن کی حدود میں واقع حب ڈیم کے قریب سے تشدد زدہ اور گلا کٹی نعشیں برآمد ہوئی تھیں۔ نعشیں ایک لڑکا اور ایک لڑکی کی تھیں۔

ایس ایس پی ویسٹ نے اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پولیس نے تفتیش کے بعد قتل کیے جانے والے نصیب اور عائشہ کے قاتل باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کی واردات کی۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم واجد نے دونوں کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کیا۔ ملزم نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں تسلیم کیا ہے کہ اس نے چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

پولیس کے مطابق قتل میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اورجلد انہیں بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔
پولیس نے نعشیں ملنے کے دو دن بعد سرکاری کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔ تشدد زدہ اور گلا کٹی نعشوں کی شناخت ہوگئی تھی۔

لڑکے کی نعش کی شناخت نصیب زر خان کے نام سے ہوئی تھی۔ مقتول کے ورثا نے سرد خانے سے نعش وصول کی تھی۔

پولیس نے بتایا تھا کہ مقتول نصیب زر خان اورنگی ٹاؤن مومن آباد کا رہائشی تھا جب کہ اس کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے کالا ڈھاکہ سے تھا۔

مقتول نوجوان گزشتہ سال جولائی میں گھر والوں سے جھگڑا کر کے چلا گیا تھا جس کے بعد اس نے صرف ایک بار اپنے گھر والوں سے رابطہ قائم کیا تھا۔

ہم نیوز کو پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ مقتول نصیب کے گھر چھوڑ کر چلے جانے کے چند روز بعد سے محلے کی ایک لڑکی بھی لا پتہ ہوگئی تھی۔ جس کا نام بی بی معلوم ہوا تھا۔

حیرت انگیز طور پر لڑکی کی نعش وصول کرنے کوئی نہیں آیا تھا۔

ہم نیوز نے پولیس ذرائع سے بتایا تھا کہ لڑکی کے اہلخانہ گھر پر تالا لگا کر کہیں چلے گئے ہیں جن سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔ مقتولین کے اہلخانہ کی جانب سے گمشدگی کا بھی کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا تھا۔

پولیس نے نوجوان لڑکے اور لڑکی کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا تھا۔ مقدمہ میں قتل کی دفعات کے علاوہ کاروکاری کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔


متعلقہ خبریں