کراچی: سرجانی ٹاؤن سے دو روز قبل ملنے والی لاشوں کی شناخت ہو گئی۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا۔
سرجانی نادرن بائی پاس کے قریب سے دو روز قبل نوجوان لڑکے اور لڑکی لاشیں ملی تھیں جس میں سے نوجوان کی شناخت نصیب زر خان کے نام سے ہوئی ہے اور مقتول کے ورثا نے لاش سرد خانے سے وصول کر لی۔
پولیس کے مطابق مقتول نصیب زر خان اورنگی ٹاؤن مومن آباد کا رہائشی تھا جب کہ اس کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا کالا ڈھاکہ سے تھا۔
مقتول نوجوان گزشتہ سال جولائی میں گھر والوں سے جھگڑا کر کے چلا گیا تھا جس کے بعد اس نے صرف ایک بار اپنے گھر والوں سے رابطہ کیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے گھر چھوڑ کر چلے جانے کے چند روز بعد محلے سے ایک لڑکی بھی لا پتہ ہوگئی تھی۔ جس کا نام بی بی معلوم ہوا ہے تاہم لڑکی کی لاش وصول کرنے تاحال کوئی نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور میں غیرت کے نام پر چھ ماہ میں چھ خواتین قتل ہوئیں، محکمہ داخلہ پنجاب
پولیس کے مطابق لڑکی کے اہلخانہ گھر پر تالا لگا کر کہیں چلے گئے ہیں جن سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے جب کہ دونوں مقتولین کے اہلخانہ کی جانب سے گمشدگی کا بھی کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا تھا۔
پولیس نے نوجوان لڑکے اور لڑکی کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے جب کہ مقدمے میں قتل کی دفعات کے علاوہ کاروکاری کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے نے قوی امکان ظاہر کیا ہے کہ نصیب زرخان کے ساتھ ملنے والی خاتون کی لاش اس ہی لڑکی کی ہے اور جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے اور اس دہرے قتل کے واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
20 فروری کو سرجانی تھانے کی حدود میں نادرن بائی پاس کے قریب پہاڑی کے عقب سے دونوں کی لاشیں ملی تھیں۔ جو ایک روز پرانی تھیں اور دونوں مقتولیں کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔