اسلام آباد:محکمہ کسٹمز کے انسداد اسمگلنگ سیل نے ٹماٹر اور دیگر پھلوں کی بھارت سے پاکستان اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
کلیکٹر کسٹمز سیما رضانے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ سامان تین ٹرکوں میں کشمیر کے راستے اسلام آباد اور پنجاب لایا جا رہا تھا۔ پکڑے گئے سامان کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ پکڑے گئے سامان میں 13 ٹن ٹماٹر،12 سو 50 کلوگرام بھارتی انگور شامل ہیں۔
اسمگلنگ کے سامان میں 13 ٹن انار بھی قبضے میں لے لیا گیاہے۔ ایک اور کارروائی میں 1 لاکھ 11 ہزارکی تعداد میں مختلف بھارتی ادویات بھی پکڑی گئی ہیں۔
ایڈیشنل کلیکٹر اشفاق احمد کے مطابق بھارتی ادویات کا ٹرک برہان کے قریب پکڑا گیا۔ کسٹمز نے خفیہ اطلاع پر برہان اور آئی جے پی میں کارروائیاں کیں۔
’پکڑے گئے سامان میں 13 ٹن ٹماٹر،12 سو 50 کلوگرام بھارتی انگور شامل‘
کسٹمز حکام کے مطابق اسمگلرز رش کا فائدہ اٹھا کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
پلوامہ واقعہ کے بعد انڈین میڈیا پر بھارتی کسانوں کی طرف سے پاکستان کو ٹماٹر بھیجنے سے انکار کی رپورٹ نشر ہوئی تھی ۔
یہ بھی پڑھیے:بھارتیوں کے لال ٹماٹربھیجنے سے انکار پر پاکستانیوں کاردعمل
ایک بھارتی چینل پر چلائی گئی نیوز رپورٹ میں بھارتی کسانوں کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان ہمارے ہی ٹماٹر کھا کر ہمارے جوانوں کو مارتا ہے اس لیے اب ہم پاکستان کو ٹماٹر نہیں بھیجیں گے۔
اس پر پاکستانی نیوز چینلز پر بھی رپورٹس نشر کی گئیں کہ پاکستان میں بھی لال ٹماٹر بڑی تعداد میں کاشت ہوتے ہیں جب کہ ان کی پیدوار صرف پنجاب ہی میں نہیں بلکہ ملک بھر میں ہو رہی ہے۔
پاکستانی خواتین کا کہنا ہے اگر بھارت لال ٹماٹر بھیجنا بند کر دے گا تو ہم ٹماٹر کی جگہ دہی استعمال کر لیں گے لیکن بھارت سے ٹماٹر نہیں مانگیں گے۔ بھارتی ٹماٹر کھائے بغیر ہم مر نہیں جائیں گے۔
پاکستانی خواتین نے بھارت کی گیڈر بھبکیوں پر کہا کہ وہ ٹماٹر کے بغیر بھی جی لیں گی لیکن اپنا ایمان نہیں بیچیں گی۔ ہم بھارتی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔