خواتین کے عالمی دن پر قومی قیادت کے پیغامات

خواتین کے عالمی دن پر قومی قیادت کے پیغامات

اسلام آباد: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مادرملت فاطمہ جناح کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر لکھا ہے کہ فاطمہ جناح قیام پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ رہیں ہم ویمن ڈے پر ہم فاطمہ جناح کو سلام پیش کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ
اسلام نے خواتین کو مثالی عزت، احترام، حقوق اورمقام عطا فرمایا ہے
حضورﷺ نے خواتین کے حقوق اور احترام کا روشن درس ہمیں دیا ہے، ہمیں اس بہترین طرز عمل کی پیروی کرنا ہے
حکومتی نظام میں ان تعلیمات کی روشنی میں اقدامات رویوں اور معاشروں میں حقیقی تبدیلی لاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فیصلہ سازی سمیت ہر شعبے میں کردار اور تعداد بڑھنا خوش آئند ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج میں خواتین بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ خواتین کا پاکستان کی ترقی میں عظیم کردار ہے۔  خواتین یونیفارم میں ہوں یا شہدا کے اہلخانہ انہوں نے ملک کی خدمت کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خواتین کی قومی خدمات کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے سے مہذب قائم ہوگا۔ پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو کے رہنما اصولوں پر ثابت قدم ہے، ہماری جماعت  ہر شعبہ میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹ ملیحہ لودھی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا آئین خواتین کویکساں حقوق دیتا ہے۔ صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی خواتین کوخراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ مردوں کے شانہ بشانہ خواتین نہ ہوں توملک ترقی نہیں کرسکتا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی خواتین کی شراکت کو دنیا میں پائیدار ترقی کا اہم ترین جز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب مستقبل خواتین کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ خواتین کے حقوق غضب کرنے والے نظام اور ان کی خودمختاری پر قدغنیں لگانے والے رسم وراج کے لیے یہ صدی قبرستان ثابت ہوگی۔

اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی خواتین تاریخی اعتبار سے بہادر اور پرعزم رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ خواتین بہت آگے آئی ہیں اور اس وقت بھی درپیش متعدد چیلنجز کے باوجود ان میں آگے بڑھنے کی لگن ناقابل تسخیرہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی حکومتوں نے خواتین کی فلاح و بہبود اورانہیں عملاً خود مختار بنانے کے یے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات اٹھائے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق مستحکم خواتین مستحکم پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (شعبہ خواتین) کی مرکزی صدراور رکنِ اسمبلی فریال تالپور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پرجاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہماری رول ماڈل خواتین ہیں۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم سب کو پاکستان میں ایک ایسا  معاشرہ تشکیل دینے کا عزم کرنا چاہئیے جہاں خواتین اپنی مکمل صلاحیتیں بروئے کارلاسکیں اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی بہترین خدمات انجام دے سکیں۔


متعلقہ خبریں