وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سی پی او آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یونیفارم کی تبدیلی کی منظوری دی۔ اجلاس میں آئی جی نے امن وامان کی صورتحال سمیت پولیس اصلاحات کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے افسران و اہلکار اپنی بہادرپاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پنجاب پولیس کے یونیفارم میں کی جانے والی تبدیلی کے حوالے سے ’ہم نیوز‘ نے پہلے ہی خبر دے دی تھی۔

عثمان بزدار نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعال وقت کا تقاضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ٹریننگ سینٹرز پر کام کا آغاز آئندہ مالی سال سے ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال 2019-20 سے یونیفارم تبدیل ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی یونیفارم سے پولیس کا بہتر امیج اجاگر ہوگا۔

پنجاب پولیس کے لیے منظور کی جانے والی نئی یونیفارم میں پتلون ڈارک بلیو اور قمیض لائٹ بلیو رنگ کی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صدارتی خطاب میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے حقیقی معنوں میں عوامی پولیس بنائیں گے۔

اپریل 2017 میں بھی پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے کالی شرٹ اور خاکی پتلون سے نجات حاصل کی تھی۔ اس وقت پنجاب پولیس نے گرین (اولیو) رنگ کی یونیفارم زیب تن کی تھی۔

پنجاب پولیس کی یونیفارم میں کی جانے والی تبدیلی کو شہریوں نے اس لحاظ سے ناکافی قرار دیا تھا کہ صرف پتلون اور قمیض کے رنگ کی تبدیلی سے مزاج، رویے، کردار اور طرزعمل میں تبدیلی نہیں آتی ہے۔


متعلقہ خبریں