‘او آئی سی کی قراردادوں نے ہندوستان کو بے نقاب کیا’


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی کی قراردادوں نے ہندوستان کو بے نقاب کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کے جذبات بالکل بجا ہیں، یہ ایوان عاشقان رسول کی محفل ہے، ہمیں غلامی رسول پر فخر ہے، مصطفی نہ ہوتے تو یہ کائنات نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے بھارت کی مذمت کی جس کا سہرا ایوان کے سر جاتا ہے۔ او آئی سی کی قراردادوں میں مسلم امہ نے ہندوستان کو بے نقاب کیا۔ او آئی سی قرارداد کے بعد بھارت کے لوگ سشما سوراج سے پوچھ رہے ہیں آپ وہاں کیا لینے کیا گیئں تھیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت سرکار کہہ رہی تھی سشما کو مدعوکرنابہت بڑی کامیابی تھی

ان کا کہنا تھا کہ مسلمان تو اسرائیل میں بھی ہیں تو کیا اسرائیل کو او آئی سی کی رکنیت مل سکتی ہے؟ اگر اسرائیل او آئی سی کا رکن نہیں بن سکتا تو بھارت بھی نہیں بن سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اصل منصوبہ پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کرنا تھا، وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری دنیا کے سامنے بھارتی بربریت کی حقیقت کھل گئی، کشمیر کا مسئلہ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے دوسری کوشش لاہور سیالکوٹ بارڈر سے کی تھی جسے ناکام بنایا گیا، 27 فروری کو کشیدگی انتہا پر تھی اور خدشہ تھا بھارت مزید کارروائی کرسکتا ہے۔

بھارت اور اسرائیل میں انٹیلی جنس شیئرنگ ہوتی ہے،شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل میں انٹیلی جنس شیئرنگ ہوتی ہے، بھارت میں بحث چھڑنے پر مودی دباؤ کی کیفیت میں ہیں، بھارت اور اسرائیل کا آپس میں تعاون عرصے سے چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت صورتحال پر امریکہ، چین، برطانیہ سمیت اہم طاقتیں الرٹ ہیں۔  جنرل باجوہ موجودہ صورت حال میں بہت متحرک رہے۔ سول اور ملٹری لیڈرشپ میں رابطے کی صورت حال مثالی رہی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پانچ سے زیادہ مقامات پر حملے کا خدشہ تھا۔ موجودہ صورت حال کا ہر زاویہ کشمیر کے گرد ہی گھومتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سے بات ہوگی تو کشمیرکاہی ذکر ہوگا، پلوامہ پر بھارت کا ڈوزیئر پاکستان کے زیر غور ہے۔

رکن اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ جس کا نبیوں پر ایمان نہیں وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ فیصل واوڈا کو یہاں طلب کیا جائے۔

جمیعت علمائے اسلام ف کے رکن مولانا عبدالشکور نے نقطہ اعتراض اٹھایا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ٹی وی چینل پر کہا کہ اللہ کے بعد عمران خان بڑا آدمی ہے۔ اللہ کے بعد بڑا انسان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا اللہ سے معافی مانگیں اور اس ایوان سے بھی معافی مانگیں۔  راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کسی بھی مذہب سے متعلق بات کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہئے۔

اجلاس میں بھارتی جارحیت کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ قومی اسمبلی میں فنانس ترمیمی بل پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا کل کا معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی تحریک منظور کر لی گئی جبکہ اجلاس منگل کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں