بھارت نے شاکراللہ کی میت پاکستان کے حوالے کردی



لاہور: بھارتی جیل میں قتل کیے جانے والے پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی میت پاکستان کے حوالے کردی گئی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ شاکر اللہ کی میت ان کے اہلخانہ نے وصول کرلی ہے۔ میت کو ایمبولینس کے ذریعے واہگہ بارڈر سے روانہ کیا جائے گا۔

میت کی حوالگی کے بعد وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت نے شاکر اللہ کی لاش آج واہگہ پر پاکستان کے حوالے کر دی جسے ان کے اہلخانہ نے وصول کیا۔

ترجمان کے مطابق شاکر اللہ کو بھارتی جے پور جیل میں قیدیوں نے تشدد کر کے شہید کیا گیا تھا، حکومت پاکستان نے اس واقعہ کی مذمت کی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے شاکر اللہ کی میت حوالگی کا بھارت سے مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ بھارت سے پوسٹ مارٹم رپورٹس اور انکوائری کی تفصیلات مہیا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق بھارت نے ابھی تک انکوائری کی تفصیلات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ پاکستان کو نہیں دی، پاکستان پھر مطالبہ کرتا ہے کہ واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت تمام پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنائے بشمول بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنائے جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔

خیال رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے جنگی جنون میں تمام حدیں پار کر تے ہوئے جے پور جیل میں پاکستانی قیدی شاکر اللہ کو قتل کر دیا تھا۔

بھارت کی جے پور جیل میں 20 فروری کو ہندو انتہا پسندوں کے تشدد سے شاکراللہ شہید ہوگیا تھا۔ 50 سالہ شاکراللہ کا خاندان 30 سال پہلے سیالکوٹ سے کراچی منتقل ہو گیا تھا۔ شاکراللہ کی تدفین کراچی میں کی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق شاکر اللہ کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اسے 2017 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔

دفتر خارجہ نے معاملے پر بھارت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی قیدیوں کا تحفظ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے، بھارتی حکومت تمام پاکستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنائے۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 40 سے زائد بھارتی ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارت نے روایتی انداز اپناتے ہوئے بلا تحقیق حملے الزام فوری طور پر پاکستان پرعائد کردیا تھا۔

پلوامہ حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کر تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے تھے۔


متعلقہ خبریں