کشیدگی ختم ہو تو بھارتی پائلٹ کی واپسی پرغور کریں گے،قریشی



اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گرفتار بھارتی پائلٹ کی واپسی سے پاک بھارت کشیدگی ختم ہو سکتی ہے تو ہم اس پر غور کے لیے تیار ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی مداخلت خطے میں قیام امن کے لیے مدد گار ثابت ہو گی۔ بھارت کی جانب سے ڈوزیئر بھجوایا گیا ہے اور ہم اس ڈوزیئر کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں جس کے لیے اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھانا شروع ہو گئی ہیں جب کہ 21 اپوزیشن جماعتوں نے امن کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی اپنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ہم پہلے سے ہی تیار ہیں تاہم خطے میں معصوم لوگوں کا خون بہانے نہیں دیں گے اور یہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ بھارت نے جو ڈوزیئر بھیجا ہے ہم اس کو دیکھنے لیے تیار ہیں۔ بھارت نے پہلے حملہ کر دیا اور ڈوزیئر بعد میں بھیجا ہے۔

یہ بھی پڑھیں اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک بھارت امن کے لیے سعودی عرب اور چین بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے .آج مجھے بتایاگیا کہ سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر عادل الجبیر اس مقصد کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے ہم اُن کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام چاہتا ہے اور اگر معاملے مل بیٹھ کر حل کر لیا جائے تو بہتر ہے، جنگ دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت جس مسئلے پر بھی بات کرنا چاہتا ہے ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کاش بھارتی وزیر داخلہ شسما سوراج نیویارک میں طے شدہ ملاقات کر لیتیں تو آج یہ نوبت نہیں آتی۔


متعلقہ خبریں