بلاول بھٹوکااپوزیشن رہنماوں سے رابطوں کا فیصلہ


لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کے خلاف سیاسی محاذپر جارحانہ حکمت عملی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ہم نیوزذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری چند روزمیں اسلام آباد پہنچ کراپوزیشن رہنماوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔

بلاول بھٹو عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کی مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

بلاول بھٹو اپوزیشن قیادت کے ساتھ مشاورت سے آئندہ لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ مختلف اجلاسوں سے خطاب اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

چند روز قبل پیپلزپارٹی کی سندھ کونسل کا اجلاس ہوا تھا جس میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پیپلزپارٹی کے مطابق احتجاجی تحریک کا آغاز حیدرآباد اور سکھر سے ہوگا، پہلے مرحلے میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ سے سابق صدر آصف زرداری سمیت  پارٹی قیادت کی نظر ثانی کی درخواستیں مسترد ہونے اور قومی احتساب بیوروکی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی  کی گرفتاری کے اس عمل میں تیزی آرہی ہے۔

واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات کے بعد بھی اپوزیشن کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوئیں تھیں تاہم تب پیپلزپارٹی نے سب جماعتوں کو پارلیمنٹ میں جانے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پربھی اپوزیشن رہنماوں کی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔


متعلقہ خبریں