اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی طرزعمل سے پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کردیا۔
ہم نیوز کے مطابق یہ مطالبہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ نے سیکریٹری جنرل سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت تحقیقات کے بغیر پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔
پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ بھارت کے مطابق حملہ آور کشمیری تھا لیکن الزام پاکستان پر دھر دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت اپنے داخلی مقاصد کے تحت پاکستان دشمن بیانات سے خطے کا ماحول کشیدہ بنا رہا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی فوری مداخلت ضروری ہے۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دی جو سنگین غلطی ہوگی۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کا خط فوری طور پر سلامتی کونسل کے ارکان کو پہنچایا جائے۔