مرغیوں سمیت دیگر اشیا کی چوری، ملزم کا ریکارڈ طلب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مرغیوں سمیت دیگر اشیا کی چوری میں ملوث ملزم کا ریکارڈ تین روز میں طلب کر لیا۔

سپریم کورٹ میں مرغیوں سمیت دیگر اشیا کی چوری سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے ملزم محمد زاہد سے متعلق تمام ریکارڈز تین روز میں طلب کر لیا۔

جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ ملزم تو کریمنل ریکارڈ رکھتا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف اس کیس سمیت 8 مقدمات درج ہوئے ہیں جب کہ گلگت میں بھی چوری کے 4 مقدمات ملزم کے خلاف درج ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ چاروں ایف آئی آر ایک ہی دن درج کرانا بھی عجیب ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف 17 اپریل 2018 کو مقدمہ درج ہوا تھا۔ ملزم سے مرغیاں، واٹر ڈسپنسر، ایل سی ڈیز اور کمپیوٹر سمیت دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ مقدمہ درج کرنے میں اڑھائی ماہ کی تاخیر کیوں کی گئی جب کہ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ 25 اشیا ملزم سے برآمد کی گئی ہیں اور عادی ملزم کو ضمانت دینا بھی مشکل ہے۔

عدالت نے پولیس کو ملزم سے متعلق تمام تر ریکارڈ تین دن میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تین دن کے لیے ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں