علماء کرام کا انسداد پولیومہم کی حمایت کا فیصلہ

علماء کرام کا انسداد پولیومہم کی حمایت کا فیصلہ

وزیراعظم کے ترجمان برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے مفتی لئیق کو پولیو کےقطرے پلاتے ہوئے،فوٹو ہم نیوز۔–


پشاور:علماء کرام نے انسداد پولیومہم کی حمایت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے.

اس ضمن میں وزیراعظم کے ترجمان برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے مفتی لئیق کو پولیو کے قطرے پلائے۔

اس موقع پر ترجمان وزیراعظم نے علماء کرام کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں بہت بڑی کامیابی حاصل ہوئی  ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں بتایا کہ آٹھ سال کی شدید مخالفت کے بعد پہلی مرتبہ شورٰی اہل حدیث کے مفتی لئیق احمد نے پولیو کے قطروں کی مخالفت ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حمایت کے بعد ہزاروں انکاری والدین بھی پولیو کے قطروں کے قائل ہو جائیں گے.

واضح رہے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں آگاہی مہم بھی جاری ہے۔

گزشتہ دنوں  سوشل میڈیا پر پولیو ورکرز کی برفباری کے دوران پولیو مہم جاری رکھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ملک بھر سے  پولیو ورکرز کی کاوشوں کو سراہنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سوات کی برف پوش پہاڑیوں میں خدمات سرانجام دینے والے پولیو ورکرز سے ملاقات بھی کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان اور پولیو ورکرز کی تصاویر شیئر کی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پولیو ورکرز کو جان فشانی کے ساتھ خون جما دینے والی سردی اور برف باری کے باوجود فرض شناسی کے مثال بننے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پولیو سے ملک کو پاک کرنے کی حکمت عملی پر پولیو ورکرز سے بات چیت کی تھی جبکہ فوکل پرسن بابر بن عطا اور وفاقی وزیر عامر کیانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔


متعلقہ خبریں