اصغر خان کیس پر سپریم کورٹ کا بینچ بننا خوش آئند ہے، فواد چوہدری

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس پر سپریم کورٹ کا بینچ بننا خوش آئند ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ وزیراعظم ایف آئی اے کو اصغر خان کیس پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کر چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس مسلم لیگ ن کے سیاسی کرتوت عیاں کرتا ہے اور دلچسپ امر یہ ہے کہ بےنظیر شہید کے سیاسی وارث ن لیگ کی گود میں بیٹھے ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان عملدرآمد کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 11 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل اور ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے سپریم کورٹ سے کیس بند کرنے کی استدعا کی تھی لیکن عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ایف آئی اے سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کرنے کا کیس ختم کرنے پر عدالت مطمئن نہیں کر سکی اور عدالت یہ سمجھتی ہے کہ کچھ معاملات میں تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے، اس کے لیے متعلقہ مواد حاصل کرکے کیس کو آگے لے جایا جاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 11 جنوری 2018 کو اصغر خان کیس ختم نہ کرنے کا فیصلہ سنایا تھا اور ریمارکس دیے تھے کہ عدالت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے)  کےاخذ کیے گئے نتائج اور وجوہات سے مطمئن نہیں۔


متعلقہ خبریں