کراچی: فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا


کراچی: راشد منہاس روڈ پر فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔

ہم نیوز نے فائر بریگیڈ حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ چار فائر ٹینڈرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ سامنے آئی ہے لیکن اس ضمن میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ اس سلسلے میں حکام تفتیش و تحقیق میں مصروف ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ کے باعث بالائی منزل کے فلیٹوں میں دھواں بھر گیا جس کی وجہ سے ایک لڑکے کی حالت غیر ہوگئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھویں سے متاثرہ لڑکے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز نے شہر قائد سے یہ خبر بھی دی ہے کہ سپر ہائی وے پر واقع براق پٹرول پمپ کے قریب ایک شخص فائرنگ سے زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کے نتیجے میں پیش آیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق زخمی عبدالغفور جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔


متعلقہ خبریں