مری :ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری نے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ کیا ہے وہیں بجلی بند ہونے سے سیاحوں اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مری میں کل سے بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، ملکہ کوہسار کے علاقے جنرل بس اسٹینڈ، سنی بینک کوٹ روڈ میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق مسلسل برف باری کے باعث مری کے باسیوں اور سیاحوں پینے کے لئے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں درجہ حرارت منفی 4 تک جا پہنچا ہے جبکہ کالے گہرے بادلوں نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، مزید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ملک بھر میں اس بار ریکارڈ بارشیں اور برف باری ہوئی ہے۔ دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ سال نومبر میں سردی کا 51 سالہ ریکارڈ ٹوٹا تھا۔
ملکہ کوہسار مری میں نومبر کے مہینے میں 14 نومبر دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت صرف 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق 3 نومبر 1967 کو مری میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو نومبر میں ٹوٹ گیا۔