ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں آج بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ لاہور میں بارش کے دوران اولے بھی گرے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور یہ بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

گزشتہ روز بھی پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز اور آہستہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جب کہ لاہور میں بارش کے ساتھ اولے بھی گرے۔

بارش اور برفباری کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

کراچی میں موسم سرد اور خشک رہنے کا مکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

پہاڑی علاقوں میں آج بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اسکردو میں اب تک تین فٹ برف پڑ چکی ہے جب کہ مری میں بھی ایک فٹ تک برفباری ہوئی ہے اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے۔ مری کا درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

برفباری کے باعث اسلام آباد سے اسکردو کا فضائی سفر بھی معطل ہے جب کہ سڑکوں پر بھی برفباری کی وجہ سے رابطہ منقطع ہے۔

دیر بالا میں شدید برفباری کے باعث کوہستان، براول، ڈوگ درہ، ہاتن درہ، عشیرئ درہ کے کئی دیہاتوں کا رابطہ شہری علاقوں سے منقطع ہے۔ جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں