اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے 8 فروری کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ایل این جی اسکینڈل کیس میں نیب کی تحقیقات جاری ہیں اور نیب راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نیب راولپنڈی بیورو نے شاہد خاقان عباسی کو 8 فروری کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔
ایل این جی اسکینڈل میں تحقیقات کے لیے نیب نے مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کو ریکارڈ سمیت گیارہ جنوری کو طلب کیا گیا تھا جس میں مفتاح اسماعیل نے نیب کی جانب سے پوچھے گئے 30 سوالات کے جواب جمع کرائے تھے۔
نیب کے مطابق سابق دور حکومت میں ایل این جی کی خریداری سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جون 2018 میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات کرنے کی منظوری دی تھی۔
سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔