کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئینی حقوق کی پامالی نیازی حکومت کا وطیرہ ہے، عمران خان سن لیں ہم انہیں اپنی مرضی کا نقاب لگانے نہیں دیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ نیازی سرکار ہماری فعال اپوزیشن سے خوفزدہ ہے، ہم جعلی مینڈیٹ والی سرکار کے جھوٹے وعدوں اور عوام دشمن پالیسیوں کا آپریشن کرتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روکنے کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، سابق وزیراعظم کیخلاف غیرقانونی اقدام کا ازالہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو لاہور ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پہ قائم امیگریشن کاؤنٹر پر سابق وزیراعظم کو اس لیے روکا گیا کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔
حکام کےمطابق پی پی پی سے تعلق رکھنے والے سیاستدان یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب میں کیس ہے جس کی وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے 10 فروری کو یونیورسل پیس فیڈریشن کی عالمی کانفرنس میں شریک ہونا تھا اور اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعظم ڈیڑھ ماہ قبل ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کے لیے نیپال بھی گئے تھے۔